نگرانی کے لیے ریاستی سطح کی اعلیٰ کمیٹی کی تشکیل
پٹنہ، 30 ستمبر (یو این آئی) :بہار حکومت نے ریاستی مالی اعانت سے چلنے والے اور غیر فنڈڈ تعلیمی اداروں، سنسکرت اسکولوں اور مدارس کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی سے متعلق معاملات کی مناسب نگرانی اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ بہار کے چیف سکریٹری اس نو تشکیل شدہ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ ڈیولپمنٹ کمشنر،جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ ، محکمہ خزانہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ، پرنسپل سکریٹری اور سکریٹری کو کمیٹی میں بطور ممبر شامل کیا گیا ہے ۔ وہیں بہار اسکول ایگزامینیشن بورڈ کے چیئرمین، محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری، ثانوی تعلیم کے ڈائرکٹر اور پرائمری تعلیم کے ڈائرکٹر کو بھی ممبر کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹری کو اس کمیٹی کے ممبر سیکریٹری کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی مالی اور انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے ماہانہ اجلاس کرے گی۔کمیٹی گرانٹ ان ایڈ کے بروقت اجراءکو یقینی بنائے گی۔ کمیٹی اساتذہ اور عملے کی تنخواہوں یا اعزازیہ کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے بھی ذمہ دار ہوگی۔ کمیٹی کی بنیادی ذمہ داریوں میں تنخواہ سے متعلق تضادات کو حل کرنا اور اسٹیبلشمنٹ سے متعلقہ دیگر اہم مسائل کا جائزہ لینا اور ان کے حل کی سفارش کرنا شامل ہے۔کمیٹی نے حکومت کی جانب سے مجاز اتھارٹی کی منظوری حاصل کر لی ہے، جس سے پالیسی سازی میں کمیٹی کے فیصلوں کو فوری طور پر نافذ کیا جا سکے گا۔
