دونوں نائب وزرائے اعلیٰ بھی رہےموجود
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 23 دسمبر: پٹنہ آمد کے فوراً بعد بی جے پی کے قومی کارگزار صدر نتن نبین نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے خیر سگالی ملاقات کی۔ اس دوران نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا اور بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراوگی بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارگزار صدر نتن نبین کا منگل کو پٹنہ پہنچنے پر بی جے پی کارکنوں نے شاندار استقبال کیا۔ نتن نبین کے استقبال کے لیے بہار بی جے پی صدر سنجے سراوگی کے ساتھ بہار کے دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا کے ہمراہ پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد پٹنہ ہوائی اڈے پر موجود تھی۔
نتن نبین بی جے پی کے کارگزار صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار اپنے آبائی شہر پٹنہ پہنچے ہیں اور ان کے انتظار میں شہر پہلے ہی بینرز، پوسٹرز اور بڑے بڑے ہورڈنگز سے بھرا ہوا ہے، جن پر نتن نبین کی تصویریں لگی ہیں اور محبت و عقیدت کے پیغامات درج ہیں۔آج دوپہر کے بعد جیسے ہی نتن نبین پٹنہ ہوائی اڈے سے باہر آئے، بہار بی جے پی صدر سنجے سراوگی نے پرجوش انداز میں ان کا استقبال کیا۔ بہار کے دونوں نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے سنہا کی موجودگی نے ماحول کو مزید پُروقار بنا دیا تھا۔
