پٹنہ، 28 نومبر (یواین آئی)بہار کے صحت و قانون کے وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما منگل پانڈے نے جمعہ کو کہا کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی آئندہ انتخابات میں ممکنہ شکست سے بوکھلا گئی ہیں۔مغربی بنگال بی جے پی کے انچارج منگل پانڈے نے جاری بیان میں کہا کہ مسز ممتا بنرجی آئندہ انتخاب میںممکنہ شکست کے خوف سے بوکھلائی ہوئی ہیں، اسی وجہ سے وہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے بہار کے بعد مغربی بنگال میں کرائے جا رہے ووٹر لسٹ اسپیشل انٹنسیوریویژن (ایس آئی آر)کی مخالفت کر رہی ہیں۔
مسٹر پانڈے نے کہا کہ یہی ممتا بنرجی تھیں جنہوں نے بائیں محاذ کی حکومت کے دور میں لوک سبھا انتخابات کے وقت بنگال سے گھس پیٹھیوں کو نکال باہر کرنے کا مطالبہ کیا تھا، اور آج وہی برسوں سے گھس پیٹھیوں کی سرپرست بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرشدآباد واقعہ کے بعد ممتا حکومت کا ہندو مخالف اور مسلم پرست چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسز ممتا بنرجی’مٹی مانش‘ کی بات کرتی ہیں، لیکن ووٹ کے لیے ملک کی یکجہتی، سالمیت اور تحفظ کو خطرے میں ڈالنے سے نہیں چوکتیں۔ اسی لیے وہ گھس پیٹھیوں کے حق میں کھڑی ہو کر ایس آئی آرکے خلاف احتجاج کے ”ہتھیار“ سے ملک میں افراتفری پھیلانا چاہتی ہیں۔وزیر منگل پانڈے نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے شمالی 24 پرگنہ کے بن گاؤںمیں الیکشن کمیشن کی اس کارروائی کے خلاف منعقدہ ریلی میں جو بیان دیا، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا مقصد مرکزی حکومت، الیکشن کمیشن اور بی جے پی کی مخالفت کے نام پر ملک میں انتشار پیدا کرنا ہے۔
