پٹنہ، 8 اکتوبر (یو این آئی) لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے سربراہ اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے )حکومت میں مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے بدھ کو کہا کہ ان کی پارٹی اپنے کارکنوں کے جوش اور ترقی یافتہ بہار کے وژن کے ساتھ اسمبلی انتخابات لڑے گی۔آج اپنے والد رام ولاس پاسوان کی برسی پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے مسٹر پاسوان نے کہا کہ اپنے والد کو کھونے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور خاندانی تنازعات کے درمیان آنجہانی رام ولاس پاسوان اکثر یہ الفاظ کہتے تھے، ”ظلم کرومت، ظلم سہومت، جینا ہے تو مرنا سیکھو، قدم قدم پر لڑنا سیکھو“، انہیں مسلسل طاقت دیتا رہا اورتمام رکاوٹوں کو پار کرتے ہوئے انہیں راہ ملتی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کی پارٹی ٹوٹ گئی، ان کا کنبہ ٹوٹ گیا، لیکن وہ اپنے والد کے خوابوں کو پورا کرنے کے مقصد کو حاصل کرنے میں مصروف رہے۔ایل جے پی (رام ولاس) کے قومی صدر نے کہا کہ ان کا مقصد اپنے والد کے خوابوں کو آگے بڑھانا اور بہار کو ایک ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ”بہار فرسٹ اور بہاری فرسٹ“ کے مقصد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔مسٹر پاسوان نے کہا کہ وہ سیاست میں کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات میں اکیلے ہی مقابلہ کرنا پڑا اور جو بھی نتائج آئے اسے عوام کی مرضی سمجھ کر قبول کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی مستقبل میں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ ایل جے پی لیڈر نے فی الحال این ڈی اے میں سیٹوں کی تقسیم کے سوال سے گریز کیا۔
