ہومBiharجن سوراج کی گوپال گنج میں آزاد امیدوارانوپ شریواستوکی حمایت

جن سوراج کی گوپال گنج میں آزاد امیدوارانوپ شریواستوکی حمایت

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

گوپال گنج۔ جن سوراج پارٹی نے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے گوپال گنج میں آزاد امیدوار انوپ شریواستو کو اپنی حمایت دی ہے۔ پارٹی کے رہنما پرشانت کشور نے آج گوپال گنج میں پریس کانفرنس کر کے اس کی اطلاع دی۔ اس موقع پر ضلع میں بی جے پی کے سینئر رہنما رہے انوپ شریواستو نے جن سوراج میں شمولیت کا اعلان کیا۔پرشانت کشور نے کہا کہ ہم نے بہار میں کبھی پولنگ بوتھ لوٹنے والوں کو دیکھا تھا، آج دیکھ رہے ہیں کہ امیدواروں کو ہی لوٹا جا رہا ہے۔ بڑے لیڈر تمام اخلاقیات کو بالائے طاق رکھ کر دوسری پارٹیوں کے امیدواروں کو ڈرا دھمکا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ہمارے پاس کوئی اور متبادل نہیں تھا۔ انوپ جی کا گوپال گنج میں کام شاندار رہا ہے، بی جے پی میں طویل تجربہ ہے، ان کے ساتھ بھی ناانصافی ہوئی ہے۔ انہوں نے سالوں تک پارٹی کے لیے محنت کی مگر پارٹی نے انہیں نظر انداز کر کے کسی اور کو امیدوار بنا دیا۔ انہوں نے آزاد حیثیت سے نامزدگی داخل کی ہے اور ہم نے باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ انہیں حمایت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ جن سوراج انوپ شریواستو کو اپنا سرکاری امیدوار قرار دیتا ہے۔ انتخابی نشان الگ ہے لیکن جن سوراج انہیں پوری طرح مدد کرے گا۔ ایک اور ایک مل کر گیارہ ہوں گے۔ ہمیں امید ہے کہ گوپال گنج کے عوام اور بی جے پی سے وابستہ ہر وہ شخص جسے لگتا ہے کہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے، وہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ گوپال گنج میں انوپ جی جیتیں اور بی جے پی ہارے۔پرشانت کشور نے مزید کہا کہ گوپال گنج سے ہمارے امیدوار ڈاکٹر ششی شیکھر سنہا کو زبردست دباؤ ڈال کر ان کی نامزدگی واپس کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی وجوہات سے واپس لیا ہے، مگر یہ بات قابلِ یقین نہیں ہے۔ ان کی وجہ سے جن سوراج کے ایک کارکن کا حق مارا گیا۔ اس غلطی کو درست کرنے کے لیے ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اگر انوپ جی بی جے پی سے لڑ رہے ہوتے اور ڈاکٹر صاحب جن سوراج سے تو عوام کے پاس کئی بہتر متبادل ہوتے، مگر اب ایسا نہیں ہے۔ بی جے پی نے گوپال گنج کے عوام کے ساتھ جو دوہری ناانصافی کی ہے، اس کا جواب عوام کو دینا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں پرشانت کشور نے کہا کہ گوپال گنج میں خصوصی حالات کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ ہم دوسرے اسمبلی حلقوں میں ایسا نہیں کریں گے۔ ہم دونوں کے ساتھ ایک ہی تنظیم نے ناانصافی کی ہے، اس لیے ہم پر گوپال گنج کے عوام کا بھی دباؤ تھا کہ انوپ جی کے ساتھ انصاف ہو۔ اگر انوپ جی جیتیں گے تو صرف گوپال گنج ہی نہیں بلکہ دوسرے علاقوں میں بھی بی جے پی کی ہمت نہیں ہوگی کہ اپنے مخلص کارکن کے ساتھ ایسی غلطی کرے اور ان کا حق مارے۔اس سے پہلے انوپ شریواستو نے بتایا کہ وہ 1973 سے پارٹی کے مخلص کارکن رہے ہیں۔ دو بار پہلے بھی انتخاب لڑنے کی کوشش کی لیکن اعلیٰ قیادت نے موقع نہیں دیا۔ اس بار میری دعویداری سب سے مضبوط تھی مگر دولت کی طاقت کے سبب کسی اور کو ٹکٹ دے دیا گیا۔ میں نے پارٹی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اپنا سروے عوام کے سامنے پیش کرے جس میں دکھایا گیا ہو کہ گوپال گنج سے میری پوزیشن کمزور ہے۔ پارٹی میں آج زمینی کارکنوں کے ساتھ جو ناانصافی ہو رہی ہے۔
اس کے خلاف میں نے آزاد حیثیت سے نامزدگی داخل کر کے اپنی بنیادی رکنیت اور تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ میں پرشانت کشور جی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میرا ساتھ دیا اور میرا حوصلہ بڑھایا۔

اس موقع پر پارٹی کے صوبائی تنظیمی جنرل سکریٹری سوبھاش سنگھ کشواہا، ضلعی صدر رادھا رمن مشرا، سینئر رہنما سراج الدین، ضلعی جنرل سکریٹری یوگندر شرما سمیت کئی رہنما اور کارکن موجود تھے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version