نتیش کابینہ نے ’بہار آرٹیفشیل انٹلیجنس مشن‘ کو دی منظوری
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 25 نومبر: نئی حکومت کی تشکیل کے بعد منگل کو پہلی کابینہ کی میٹنگ میں ریاست میں ’بہار آرٹیفیشل انٹلیجنس مشن‘ کو قائم کئے جانے کی تجویز کو منظوری ملی ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی صدارت میں منگل کو ہوئی کابینہ کی میٹنگ میں کل 6 تجاویز کو منظوری دی گئی۔ کابینہ کی میٹنگ کے بعد منظور کی گئی تجاویز کی تفصیلی معلومات چیف سکریٹری پرتیہ نے دی۔چیف سکریٹری پرتیہ امرت نے بتایا کہ بہار کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں ملک کی سر فہرست ریاست بنانے کے لئے ’بہار آرٹیفشیل انٹلیجنس مشن‘ کا قیام کیاجارہا ہے۔ اے آئی سماجی اور اقتصادی طور پر ایک تبدیلی لانے والی ٹیکنالوجی بن چکی ہے اس لئے تحقیق، جدت اور ممتاز صنعتوں کے تعاون سے بہار کو اس شعبے کا بنیادی مرکز بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے ریاست کی سماجی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔ بہار حکومت اے آئی کے شعبے میں تحقیق، جدت، تربیت اور صنعتی تعاون کو بڑھاتے ہوئے ریاست کو مصنوعی ذہانت کا اہم مرکز بنانا چاہتی ہے، تاکہ ترقی کے نئے امکانات پیدا ہوں اور عوام کو بہتر خدمات مل سکیں۔چیف سکریٹری نے منظور شدہ تجاویز کی معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ بہار میں 25 نئی شوگر ملیں کھولی جائیں گی۔ پہلے سے 9 شوگر مل بند پڑی ہیں۔ منظور شدہ تجویز کے تحت ریاست میں نئی شوگر ملوں کے قیام اور پرانی بند شوگر ملوں کو دوبارہ فعال کرنے سے متعلق پالیسی سازی اور ایکشن پلان کے لئے چیف سکریٹری کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہار میں 11 نئی ٹاؤن شپ تیار کی جائیں گی۔ ان میں 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے علاوہ سیتامڑھی اور سونپور کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہری ترقی کو رفتار دینا اور جدید سہولتوں سے لیس نئے شہری مراکز تیار کرنا ہے۔چیف سکریٹری مسٹر امرت نے بتایا کہ بہار کو مشرقی ہندوستان کے نئے ٹیک ہب کے طور پر ترقی دینے کے مقصد سے ڈیفنس کوریڈور، سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ پارک، گلوبل کیپبلیٹی سینٹرز، میگا ٹیک سٹی اور فن ٹیک سٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے لئے چیف سکریٹری کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں قومی اور بین الاقوامی سطح کے ماہرین مشیر کے طور پر شامل رہیں گے۔ یہ کمیٹی آئندہ 6 ماہ کے اندر اپنی رپورٹ دے گی۔چیف سکریٹری نے بتایا کہ بدلتے بہار کی ترقی کی رفتار کو تقویت دینے کے لئے بہار میں ٹیکنالوجی اور سروس پر مبنی جدت کی نئی ایج اکانومی کے قیام کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس ہدف کے حصول کے لئے ان شعبوں سے بہارسے تعلق رکھنے والے ممتاز کاروباریوں سے تجاویز حاصل کر کے پالیسیوں اور منصوبوں کا تعین کیا جائے گا۔ ساتھ ہی بہار کو ایک ’گلوبل بیک اینڈ ہب‘ اور ’گلوبل ورک پلیس‘ کے طور پر تیار اور قائم کرنے کے لئے اہم محکموں اور معروف ماہرین معاشیات اور ماہرین کے تعاون سے ایک تفصیلی ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ بہار کے باصلاحیت کاروباری افراد اور نوجوانوں کو ترغیب دینے کے لئے ریاست میں اسٹارٹ اپ اور نئی قسم کی جدید معاشی سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ان منصوبوں کو تیار کرے گی، ان کے صحیح نفاذ کو یقینی بنائے گی اور ان کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے گی۔
