اب حکومت اپنے انتخابی وعدے پورے کرے: تیجسوی
پٹنہ، 11 جنوری (یواین آئی) :بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو نے اتوار کو کہا کہ حالیہ بہار اسمبلی انتخابات میں عوام ہار گئی اور نظام جیت گیا اور اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اپنے انتخابی وعدے پورے کرے۔مسٹر یادو نے آج صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں منعقد ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات میں جمہوریت کو دولت کے نظام اور مشینی نظام میں بدل دیا گیا اور دھوکہ دہی، فریب، سازش اور سرکاری مشینری کے ذریعے عوامی مینڈیٹ چھین لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مینڈیٹ پر خود عوام کو بھی یقین نہیں ہے۔بہار اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ وہ مثبت سیاست کے حامی ہیں اور نئی حکومت کی تشکیل کے بعد ابتدائی 100 دن تک اس کی پالیسیوں، فیصلوں اور پروگراموں پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران وہ انتخابی وعدوں کے مطابق حکومت کے کاموں کا جائزہ لیتے رہیں گے اور اس کے بعد حکومت سے سوالات کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا۔مسٹر یادو نے کہا کہ ڈبل انجن حکومت میں جرائم، بدعنوانی، رشوت خوری، نقل مکانی، تعلیم، صحت اور قانون و انتظام کی کیا حالت ہے، یہ کسی سے پوشیدہ نہیں؟ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی ہے کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ڈبل انجن حکومت اپنے منشور پر عمل کرے، جس میں ریاست کی ڈیڑھ کروڑ خواتین کو دو لاکھ روپے دینے کا وعدہ، ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا عہد، اور ہر ضلع میں چار سے پانچ بڑے صنعتی یونٹ اور فیکٹریاں قائم کرنے جیسے وعدے شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے سو دن مکمل ہونے کے بعد ان کی پارٹی اقتدار میں بیٹھی حکومت کی جانب سے عوام سے کیے گئے وعدوں کا جائزہ لے گی، اور اس کے بعد حکومت کو گھیرنے کا مرحلہ شروع ہوگا۔
