ہومBiharبہار میں اب سرکاری ڈاکٹرس نہیں کر پائیں گے پرائیویٹ پریکٹس

بہار میں اب سرکاری ڈاکٹرس نہیں کر پائیں گے پرائیویٹ پریکٹس

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

نتیش حکومت کا اہم فیصلہ

جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ،11 اپریل :بہار میں نظامِ صحت کو بہتر بنانے کے لیے نتیش کمار کی حکومت نے ایک انتہائی اہم پیش رفت کی ہے۔ نتیش حکومت نے فیصلہ لیا ہے کہ اب سرکاری اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرس پرائیویٹ پریکٹس نہیں کریں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کی طرف سے عزم ظاہر کر دیا گیا ہے اور حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو بہتر و مستقل علاج مل سکے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیصلہ سبھی سرکاری ڈاکٹرس پر نافذ ہوگا۔ اس میں بہار ہیلتھ سروس، بہار میڈیکل ایجوکیشن سروس اور اندرا گاندھی امراض قلب انسٹی ٹیوٹ سے جڑے ڈاکٹرس اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔ اب یہ سبھی ڈاکٹرس پرائیویٹ کلینک یا پرائیویٹ اسپتالوں میں پریکٹس نہیں کر پائیں گے۔حکومت کا ماننا ہے کہ کئی ڈاکٹرس سرکاری اسپتالوں میں کم وقت دیتے تھے اور پرائیویٹ پریکٹس پر زیادہ توجہ دیتے تھے۔ اس سے مریضوں کو دقت ہوتی تھی۔ کئی بار اسپتالوں میں ڈاکٹرس وقت پر نہیں ملتے تھے یا علاج ٹھیک سے نہیں ہو پاتا تھا۔ اس مسئلہ کا حل نکالنے کے لیے ہی نتیش حکومت نے یہ سخت قدم اٹھایا ہے۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے راجیہ سبھا رکنیت کا حلف لے لیا ہے اور جلد ہی وہ وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دینے والے ہیں۔ یعنی اپنے آخری وقت میں نتیش حکومت نے ایک اہم قدم اٹھا کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔بہرحال، نتیش حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ ڈاکٹروں کو اس فیصلہ کی وجہ سے نقصان نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انھیں غیر پریکٹس بھتہ (این پی اے) اور دیگر حوصلہ افزائی سے متعلق رقوم دی جائیں گی۔ اس سے ان کی آمدنی میں کمی کا ازالہ کرنے کی کوشش ہوگی۔ حالانکہ اس سلسلے میں تفصیلی گائیڈلائنس ابھی جاری نہیں کی گئی ہیں۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اس فیصلہ کو نافذ کرنے کے لیے جلد ہی گائیڈلائنس منظر عام پر لائی جائیں گی۔ اس میں یہ بھی بتایا جائے گا کہ اصولوں پر عمل کس طرح ہوگا اور خلاف ورزی کرنے پر کیا کارروائی ہوگی۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس فیصلہ سے سرکاری اسپتالوں کی حالت بہتر ہوگی اور عام لوگوں کو معیاری علاج مل سکے گا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.