صحافی برادریوں کی خصوصی نشست میں حضرت امیر شریعت نے مضبوط تحریک چلانے پر دیا زور
پھلواری شر یف ، پٹنہ 19 جو لا ئی :(راست)آج امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کی دعوت پر بہار کی مختلف صحافی برداریوں ،مدیران اوراخبارات کے نمائندوں کی ایک خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے امیر شریعت حضرت مولانا احمدولی فیصل رحمانی مدظلہ نے فرمایاکہ اس وقت پورے بہار میں ووٹر لسٹ پر خصوصی نظرثانی کا کام بڑے پیمانے پر چل رہاہے، اس انتخابی فہرست میں کسی بھی رائے ہندگان کا نام چھوٹنے نہ پائے ہمیں اس کے لئے مضبوط تحریک چلانی چاہئے، کیونکہ یہ ایک باقاعدہ سیاسی حکمت عملی کے پیش نظر کیاجارہاہے تاکہ آنے والے دنوں میں ووٹر آئی کارڈ کو شہریت کے ثبوت کے لئے دلیل بنایاجا سکے، اس نقطہ نظر سے بھی ہم لوگ عوامی بیداری پیدا کریں، حضرت امیرشریعت نے فرمایاکہ امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ اپنی سطح سے شہری ودیہی علاقوں کے لوگوںمیں عوامی بیداری پیدا کررہی ہے اس کے لئے بہار کے 534بلاکوں میں پہلے ہمارے نقباء،قضاۃ،مخلصین ومحبین کو برابر متوجہ کیاجارہاہے ،اس کیلئے نوجوانوں کی کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں کہ وہ عام لوگوں کے فارم کو پر کرنے میں مدد کریں،BLOکا بھی تعاون کریں، براہ راست بھی آن لائن فارم کی خانہ پری کریں اور آن لائن جانچ بھی کریں کہ آپ کا فارم اپ لوڈ ہوا یا نہیں؟ اس تحریک کے نتیجہ میں عام لوگوں میں بیداری آئی ہے اور کام ہورہاہے، اس سلسلہ میں آپ حضرات کا قلمی تعاون بھی درکار ہے کہ آپ حضرات اس پر آرٹیکل لکھیں اور ووٹ کی افادیت سے لوگوں کو متعارف کراکر ووٹر آئی کارڈ بنوانے کی پر زور وکالت کریں، صحافیوں نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اس کو ایک تحریک کی شکل میں نمایاں طورپر اخبارات میں شامل کرنے کا وعدہ کیا، امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ کے قائم مقام ناظم مولانامفتی محمدسعیدالرحمن قاسمی نے صحافیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو قلم کی امانت سپرد کی ہے، اس امانت کی حفاطت کرناآپ کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ آپ حق وانصاف کی ترجمانی کریں اور جو باتیں صحیح اور درست ہوں پوری قوت کے ساتھ دلائل کی روشنی میں واضح کریں ، اس وقت ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کی مہم چل رہی ہے امارت شرعیہ ابتداء ہی سے جدوجہد کررہی ہے کہ ہر شخص اپنا نام اندراج کرائے، ہمارے حضرت امیر یعت نے پہلے مرحلہ میں اس ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کے ذریعہ سیاسی مضراثرات کی نشاندہی بھی کی اور فرمایاکہ اس عمل کے ذریعہ ایک طویل منصوبے کو روبہ عمل لانے کا اشارہ ہے تاکہ آپ اپنی زمین میں ہی بے وطن بن کر رہ جائیں ،یہ ایک سیاسی مفادات کا کھیل کھیلا جارہاہے، اس سے ہوشیار رہنا ہے اوراپنے ضروری دستاویزات کو درست رکھناہے، مجلس کے شرکاء نے امارت شرعیہ کی جدوجہد اورکاوش کی ستائش کی اور اس مہم کومضبوط طریقہ پر چلانے کا عہد کیا، اس خصوصی نشست میں امارت شرعیہ کے دیگر ذمہ داروں نے بھی شرکت کی ،آخیر میں یہ نشست حضرت امیر شریعت کی دعاپر اختتام پذیرہوئی۔
