انسانی دردرکھنے والوں سے مصیبت زدگان کی راحت رسانی میں بھرپور تعاون کی اپیل
پھلواری شریف 10-ستمبر (راست)صوبہ پنجاب میں آئے حالیہ بھیانک سیلاب نے فیروز پور، گرداسپور، امرتسر اور پٹھان کورٹ وغیرہ اضلاع میں جو تباہی مچائی ہے اس نے ہرانسانی درد رکھنے والے لوگوں کے دلوں کو جھنجھور کر رکھ دیاہے، اطلاع کے مطابق مشہور ندیاں بیاس وستلج کے طوفانی بہائو سے اچانک باندھ ٹوٹا اور دیکھتے دیکھتے سیکڑوں آبادیاں زیر آب آگئیں، اربوں کی کھیتیاں تباہ اور کڑوروں کڑور کے اثاثے اورجانور پانی میں بہہ گئے، سینکڑوں گھر ٹوٹ کر گرگئے، جو لوگ اچھے خاصے گھروں میں آباد اور عیش و عافیت کی زندگی گذاررہے تھے وہ دیکھتے دیکھتے سر کے سایہ سے محروم اور دانہ دانہ کے محتاج بن گئے، ابھی بھی پانی آبادیوں سے اترا نہیں ہے، لوگ یا تو گھروں کو چھوڑ کر کہیں چلے گئے یا محفوظ مقامات پر پناہ لئے ہوئے ہیں،ہزاروں خاندان کسمپرسی کی زندگی گذاررہاہے، امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ نے ایسی مشکل گھڑیوں میں انسانیت کی راحت رسانی اورغم کا آنسو پوچھنے میں نمایاں حصہ لیاہے،چنانچہ اس موقع پر بھی امیر شریعت مفکرملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ کی ہدایت کے مطابق پنجاب کے سیلاب متاثرین کی راحت رسانی کے لئے ۱۳؍ افراد پر مشتمل امارت شرعیہ کی امدادی ٹیم صوبہ پنجاب بھیجی جارہی ہے،ڈاکٹرس حضرات کی ٹیم بھی جائے گی، راحت رسانی کے اس کام میں وفد کی قیادت نائب ناظم امارت شرعیہ مفتی محمد سہراب ندوی قاسمی صاحب کریں گے، اس وفد میں امارت شرعیہ کے دیگر کئی معزز علماء کرام اور جامعہ رحمانی مونگیر کے اساتذہ کرام بھی شامل ہیں۔مذکورہ باتیں امارت شرعیہ کے ناظم جناب مولانامفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی صاحب نے آج امارت شرعیہ کی امدادی ٹیم کو پنجاب روانہ کرتے ہوئے کہیں، انہوں نے کہاکہ امارت شرعیہ نے ہمیشہ ایسے مواقع پراہل خیرکے تعاون سے مصیبت زدگان کے لئے عبوری راحت سے لے کر باز آبادکاری کی خدمت انجام دی ہے، وفد کے پنجاب پہونجنے اورعبوری راحت رسانی کے کام کے آغاز کے ساتھ زمینی صورت حال اور اس کے تقاضے کو سامنے رکھتے ہوئے ان شاء اللہ حسب ضرورت دیگر خدمات بھی انجام دی جائیں گی اور مصیبت زدگان کو راحت پہونچانے میں وسائل کے مطابق بھرپور حصہ لیاجائے گا۔ اس موقع پر ناظم صاحب نے انسانی درد رکھنے والے تمام اہل خیر اور صاحب حیثیت اشخاص سے اپیل کی ہے کہ اپنی صلاحیت ووسائل کے مطابق مصیبت زدگاں کے کام آئیں، انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے، بلا تفریق مذہب وملت محض انسانیت اور اولاد آدم کی حیثیت سے مشترکہ خاندانی تصور کے ساتھ راحت رسانی کے کام میں بڑھ چڑھ کے حصہ لیں اور جو حضرات امارت شرعیہ کے واسطہ سے اس کار خیر میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ Relief Fund Imarat Shariah 918020100932926 آئی ایف ایس سی کوڈ:UTIB0001664 اکسس بینک انیس آباد پٹنہمیں رقم ٹرانسفر کرکے اس انسانی خدمت میں شریک ہوں۔
