ہومBiharمعیشت ممبئی کے زیرِ اہتمام پٹنہ میں ایڈیوپرینور کانفرنس و ایجوکیشنل ایوارڈز...

معیشت ممبئی کے زیرِ اہتمام پٹنہ میں ایڈیوپرینور کانفرنس و ایجوکیشنل ایوارڈز کا انعقاد

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

جی آئی اے کے بانی اکرام الرحمن کو ایڈیوپرینیور آف دی ایئر 2025 سے نوازا گیا

پٹنہ،22؍ دسمبر (راست) ملک میں تعلیمی بیداری اور تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی مؤثر تحریک چلانے والے معروف ادارے ’’معیشت‘‘ ممبئی نے پٹنہ میں ایڈیوپرینور کانفرنس اور ایجوکیشنل ایوارڈز 2025 کا شاندار اور کامیاب انعقاد کیا۔ یہ باوقار تقریب پٹنہ کے ممتاز ہوٹل دی پناش میں منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے تعلیمی ماہرین، اسکول بانیان، تعلیمی منتظمین اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔یہ کانفرنس بالخصوص مشرقی ہند کی ریاستوںبہار، مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور مشرقی اترپردیش کے تعلیمی ذمہ داران کے لیے منعقد کی گئی تھی، تاہم اس کے اثر اور اہمیت کے پیش نظر چنئی، بنگلور، ممبئی اور حیدرآباد سے بھی تعلیمی تحریک سے وابستہ ممتاز شخصیات نے شرکت کر کے پروگرام کو قومی سطح کی حیثیت بخشی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد تعلیمی اداروں کو درپیش عصری چیلنجز، معیارِ تعلیم میں بہتری، اسکول مینجمنٹ، اساتذہ کی تربیت، اور تعلیمی اداروں میں اختراعی سوچ (Innovation) کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر 100 سے زائد اسکولوں کے بانیان اور ڈائریکٹرصاحبان کی موجودگی نے پروگرام کو غیرمعمولی اہمیت عطا کی۔ تقریب کے دوران مختلف تعلیمی رہنماؤں نے بصیرت افروز خطابات کیے۔ معروف تعلیمی رہنما راشد نیئر نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ آج کے دور میں تعلیمی اداروں کو صرف نصاب تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ کردار سازی، مہارت پر مبنی تعلیم اور سماجی ذمہ داری کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔ گریٹ انڈیا اکیڈمی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نجم الہدیٰ ثانی نے ادارے کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے جدید تعلیمی ماڈلز اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی پر روشنی ڈالی، انہوں نے کہا کہ گریٹ انڈیا اکیڈمی نے بنگلور کی ایک کمپنی کے ساتھ اشتراک کیا ہے اور اے آئی پر مشتمل ایک ایسا نصاب ترتیب دیا ہے جو آئندہ نسل کی بہتر طور پر آبیاری کرسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ جی آئی اے ململ مدھوبنی بہار جدید تعلیمی تقاضوں سے مزین بورڈنگ سہولیات کے ساتھ ایک ایسا ادارہ ہے جس کی بہار کو سب سے زیادہ ضرورت تھی۔یہاں کے طلبہ نہ صرف مستقبل بیں ہیں بلکہ دوسروں کو بھی مستقبل کے لئے تیار کرنے والے ثابت ہوں گے ان شاء اللہ۔ فالکن گروپ آف انسٹی ٹیوشنز (بنگلور) کے بانی ڈاکٹر عبدالسبحان نے اپنے پراثر خطاب میں فالکن گروپ کی جانب سے تیار کردہ جدید اور معیاری تعلیمی مواد کا تعارف کرایا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ اسی طرح المنار ایڈوکیئر کے بانی و منیجنگ ڈائریکٹر عفان احمد کامل اور الامین نیشنل اسکول، اعظم گڑھ کے بانی ریحان احمد فلاحی ، الحراء پبلک اسکول شاہ گنج،پٹنہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نذیر احمد، الحراء پبلک اسکول شریف کالونی کے ڈائریکٹر محمد انور، آکسفورڈ انٹر نیشنل اسکول ،کشن گنج کے ڈائریکٹر تفہیم رحمن ، سمرٹن مشن اسکول، ہاوڑہ (مغربی بنگال)کے ڈائریکٹر مامومن اخترنے بھی اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں مسلسل جدوجہد اور وژن کی اہمیت پر زور دیا۔ تقریب کی ایک نمایاں خصوصیت عدالتی شخصیات کی شرکت بھی رہی۔ پٹنہ ڈسٹرکٹ جج شمیم احمد اور داناپور کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نغمہ ترنم نے اپنے خطابات میں تعلیم کو معاشرے کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم ہی ایک مضبوط، منصفانہ اور ترقی یافتہ سماج کی ضمانت ہے۔ اس کے علاوہ مختلف تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے بھی اظہارِ خیال کیا، جن میں بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کے ذمہ دار پروفیسر ڈاکٹر عباس مصطفیٰ ،اردو اکیڈمی کے سابق سکریٹری مشتاق احمدنوری کے نام نمایاں ہیں ۔ واضح رہے کہ الحراء پبلک اسکول، شاہ گنج، الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی، المنار ایڈوکیئر، ارریہ،آکسفورڈ انٹرنیشنل اسکول، کشن گنج،سمرٹن مشن اسکول، ہاوڑہ (مغربی بنگال) کو بیسٹ انسٹی ٹیوشن کے خطابات سے نوازہ گیا۔ کانفرنس میں اہم بات یہ رہی کہ بیشتر خطابات میں ادارہ جاتی نظم و نسق، اساتذہ کی تربیت اور والدین و سماج کے ساتھ مضبوط ربط و تعلق پر زور دیا گیا۔تقریب کے اختتام پر ایجوکیشنل ایوارڈز پیش کیے گئے، جن میں تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات اور اداروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر گریٹ انڈیا اکیڈمی (GIA) کے بانی اکرام الرحمن کو ان کی غیرمعمولی خدمات کے اعتراف میں ’’ایڈیوپرینیور آف دی ایئر 2025‘‘ کے معزز اعزاز سے نوازا گیا، جس پر شرکاء نے بھرپور داد دی۔ مجموعی طور پر معیشت کی جانب سے منعقدہ یہ ایڈیوپرینور کانفرنس اور ایجوکیشنل ایوارڈز 2025 تعلیمی دنیا کے لیے ایک یادگار اور متاثرکن پروگرام ثابت ہوا، جس نے تعلیمی میدان میں نئے حوصلے، نئی سوچ اور نئی سمت متعین کی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version