وزیر اعلیٰ بہار نتیش کمار نے بھاگلپور کے لیے 442 کروڑ روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا
پٹنہ،17 مارچ (یواین آئی )بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے منگل کے روز اپنی ‘سمردھی یاترا، کے دوران ضلع بھاگلپور کو 442 کروڑ روپے مالیت کی 144 ترقیاتی اسکیموں کا تحفہ دیا ہے۔ جگدیش پور بلاک کے بیجانی میں منعقدہ تقریب کے دوران انہوں نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے ان منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ ان منصوبوں میں 171 کروڑ روپے کی 88 اسکیموں کا افتتاح اور 271 کروڑ روپے کی 56 نئی اسکیموں کا سنگِ بنیاد شامل ہے۔وزیر اعلیٰ نے ضلع میں جاری کئی بڑے منصوبوں کا معائنہ کیا اور ان کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ان منصوبوں میں بھاگلپور-بونسی ریلوے لائن پر آر او بی کی تعمیر، گورڈیہ میں بین ریاستی جدید بس اسٹینڈ کا قیام اور ‘بھولاناتھ پل، کی تعمیر۔ بھاگلپور میں کینسر انسٹی ٹیوٹ کا قیام اور نوگچیا سب ڈویژن میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر شامل ہے۔سلطان گنج میں ریلوے کی زمین پر سیاحتی سہولیات کی توسیع اور گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کا آغاز بھی شامل ہے۔حکومت نے ضلع کے 11 بلاکس (بشمول بیہ پور، شاہ کنڈ، کہلگاؤں، اور دیگر) میں نئے بلاک-کم-سرکل دفاتر اور رہائشی احاطے تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ، گورڈیہ بلاک میں دستیاب سرکاری زمین پر صنعتی زون (انڈسٹریل ایریا) تیار کرنے کا منصوبہ بھی اس پیکج کا حصہ ہے، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیر اعلیٰ نے افسران کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ کی اور ‘پرگتی یاترا،کے دوران اعلان کردہ دیگر فلاحی اسکیموں کے نفاذ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کو بہترین طریقے سے یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاموں کی تکمیل مقررہ وقت کے اندر ہونی چاہیے تاکہ عوام ان سے بروقت فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں اور آر او بی کی تعمیر سے ٹریفک کا نظام مزید بہتر اور سہل ہو جائے گا۔ دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے جگدیش پور بلاک کی گرام پنچایت بیجانی کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے پنچایت سرکار بھون، آیوشمان آروگیہ مندر، گورنمنٹ مڈل اسکول اور ‘جل جیون ہریالی، مشن کے تحت بحال کیے گئے تالابوں کا جائزہ لیا۔ماحولیاتی تحفظ کے پیغام کے ساتھ انہوں نے پنچایت بھون کے احاطے میں پودا لگایا۔ وزیر اعلیٰ نے ‘وزیر اعلیٰ کنیا ویواہ منڈپ، (شادی ہال) کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔بیجانی میں منعقدہ عوامی جلسے کے دوران وزیر اعلیٰ نے مختلف محکموں کے اسٹالز کا معائنہ کیا اور بڑے پیمانے پر مالی امداد تقسیم کی۔
8,305 سیلف ہیلپ گروپس کی 1 لاکھ 5 ہزار سے زائد خواتین کو بینکوں کے تعاون سے 377 کروڑ 66 لاکھ روپے کا علامتی چیک پیش کیا۔بین المذاہب شادی کی حوصلہ افزائی، بکری و بھیڑ پالن اسکیم، اور ‘بہار اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ، کے تحت مستحقین میں چیک اور اسناد تقسیم کیں۔اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، وزیر آبی وسائل وجے کمار چودھری، ضلع کے انچارج وزیر ڈاکٹر دلیپ کمار جیسوال، ممبر پارلیمنٹ اجے کمار منڈل اور کئی مقامی اراکین اسمبلی و کونسل موجود تھے۔ انتظامیہ کی جانب سے محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر بی راجیندر، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری کمار روی اور کمشنر بھاگلپور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
