26 جنوری سے ریاست بھر میں شروع ہو گی زمین کی پیمائش کی ‘مہا مہم
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 15 جنوری : بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور محصول و زمین اصلاحات کے وزیر وجے کمار سنہا نے جمعرات کو کہا کہ زمین کی پیمائش کے لیے نیا نظام ریاستی حکومت کے سات نشچئے-3 کے تحت شہریوں کو فوری، شفاف اور قابل اعتماد خدمات فراہم کرنے کی سمت میں ایک مضبوط قدم ہے۔مسٹر سنہا نے آج بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ زمین کی پیمائش کے لیے اب لوگوں کو مہینوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ غیر متنازعہ زمین کی پیمائش سات دن اور متنازعہ زمین کے معاملات کی پیمائش گیارہ دن کی مقررہ مدت میں مکمل کی جائے گی۔ مکمل آن لائن عمل سے شفافیت بڑھے گی اور غیر ضروری تنازعات پر مؤثر کنٹرول ممکن ہوگا۔ اس سے ریاست میں زمین کے تنازعات کے معاملات میں بتدریج کمی واقع ہو سکے گی۔انہوں نے کہا کہ پیمائش کی بڑی مہم کے ذریعے زیر التواء معاملات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا، جس سے کسانوں کو وقت پر انصاف ملے گا اور محصولی انتظامیہ میں عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔نائب وزیر اعلیٰ اور محصول و زمین اصلاحات کے وزیر وجے کمار سنہا کے ہدایت کے تحت زمین کی پیمائش کے عمل کو سادہ، شفاف اور شہری دوست بنانے کی سمت میں بڑا قدم اٹھایا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے سات نشچئے-3 (2025–30) کے تحت ‘‘سب کا سمان – جیون آسان‘‘ کے ہدف کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مسٹر سنہا نے زمین کی پیمائش کا نیا نظام نافذ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ان کی ہدایات کے مطابق محکمہ نے مکمل آن لائن اور مقررہ وقت کا نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ نظام 26 جنوری 2026 سے پوری ریاست میں مؤثر ہوگا اور اسے پیمائش کی بڑی مہم کے طور پر 31 مارچ تک چلایا جائے گا۔ یہ نظام بہار کاشتکاری قوانین، 1885 کے ضابطہ 23(2)(i) کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔محکمہ محصول و زمین اصلاحات کے پرنسپل سکریٹری مسٹر سی کے انل کے جاری کردہ ہدایات کے مطابق اب زمین کی پیمائش کے لیے درخواستیں مکمل طور پر آن لائن دی جائیں گی۔ درخواست کے وقت درخواست گزار کو واضح کرنا ہوگا کہ زمین غیر متنازعہ ہے یا متنازعہ۔ اگر زمین متنازعہ پائی گئی تو سرکل آفیسر تنازعہ کی نوعیت کو بیان کرے گا۔نئے نظام کے تحت غیر متنازعہ معاملات میں درخواست کے ساتھ ہی پیمائش فیس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ دیہی علاقوں میں یہ فیس 500 روپے فی کھسرا اور شہری علاقوں میں 1000 روپے فی کھسرا مقرر کی گئی ہے۔ فوری پیمائش کے معاملات میں یہ رقم دوگنی ہوگی۔
