پٹنہ، 8 اکتوبر (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بدھ کو ملک کے معروف دلت رہنما اور سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس ‘پر آنجہانی رہنما کو یاد کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے پیغام میں لکھاکہ سماج کے پسماندہ طبقات کی بہتری اور سماجی انصاف کے لیے وقف مقبول رہنما اور سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان جی کو ان کی برسی پر دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔رام ولاس پاسوان کا سیاسی کیریئر سماجی انصاف، دلتوں کی بہتری اور جامع ترقی کی سمت میں سرگرمی کے لیے جانا جاتا تھا۔ انہوں نے مختلف مرکزی حکومتوں میں کئی اہم وزارتوں کی ذمہ داری نبھائی۔سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان کا 8 اکتوبر 2020 کو انتقال ہوگیا۔ آج ان کی پانچویں برسی ہے۔ انہیں ایک ایسے لیڈر کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے ہمیشہ غریبوں کی آواز کو پارلیمنٹ تک پہنچایا اور معاشرے میں برابری کی وکالت کی۔
