بہار پولیس کو سخت کارروائی کے احکامات
پٹنہ، 5 فروری (ایجنسی) :بہار پولیس نے فحش اور دو معنی گانوں کے خلاف ریاست گیر کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے جمعرات کے روز کہا کہ ایسے گانے ایک سنگین سماجی مسئلہ ہیں جو خواتین کے تحفظ کو خطرے میں ڈالتے ہیں اور بچوں کی ذہنی نشوونما پر منفی اثر ڈالتے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ، جو محکمۂ داخلہ کا قلمدان بھی سنبھالے ہوئے ہیں، نے ایک بیان میں کہا کہ ہولی کے تہوار سے قبل تمام اضلاع کی پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ عوامی مقامات، بسوں، ٹرکوں اور آٹو رکشاؤں میں فحش اور بازاری گانے بجانے والوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ افسران اور ضلع پولیس سربراہان کو سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔
سمراٹ چودھری نے کہا کہ ایسے گانے عوامی مقامات پر خواتین کے لیے شرمندگی اور عدم تحفظ کا باعث بنتے ہیں، اس لیے جو بھی اس ہدایت کی خلاف ورزی کرتا پایا جائے گا، اس کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہولی سے قبل یہ خصوصی مہم مسلسل جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ فحش اور دو معنی گانوں کا معاملہ اس سے قبل 2023 میں بہار اسمبلی میں بھی اٹھایا گیا تھا، جب کانگریس کی رکن اسمبلی پرتیما کماری نے یکم مارچ کو ایوان میں اس مسئلے کو اجاگر کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ اس وقت ریاستی حکومت نے قانون سازوں کو یقین دلایا تھا کہ اس سلسلے میں سخت قدم اٹھائے جائیں گے۔ ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد تہواروں کے دوران خوشگوار ماحول کو برقرار رکھنا اور خواتین و بچوں کو باعزت اور محفوظ فضا فراہم کرنا ہے۔
