بیرپور ایئرپورٹ کی جدید کاری سے سیاحت اور تجارت کو ملے گا فروغ:سمراٹ چودھری
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ/بہار:بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نے ریاست میں فضائی سفر کی سہولیات کو عام آدمی تک پہنچانے اور علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کی سمت میں ایک بڑے اور اہم پروجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سپول میں واقع بیرپور ایئرپورٹ کی جدید خطوط پر ترقی اور اپ گریڈیشن کے لیے 36.38کروڑ روپے کا باضابطہ ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے جس کا بنیادی مقصد سرحدی علاقوں کے لوگوں کو ملک کے دیگر حصوں سے فضائی راستے کے ذریعے تیزی سے جوڑنا ہے۔ اس ترقیاتی منصوبے کے تحت بیرپور ایئرپورٹ پر کوڈ-2بی زمرے کے طیاروں کی آمد و رفت کو ممکن بنایا جائے گا اور مسافروں کی سہولت کے لیے پری فیبریکیٹڈ اسٹیل اسٹرکچر پر مبنی ایک جدید ٹرمینل بلڈنگ تعمیر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ پروازوں کی محفوظ نگرانی کے لیے ایک جدید پری انجینئرڈ ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر اسٹیشن بھی قائم کیا جائے گا جس کی تکمیل کے لیے حکومت نے 15 ماہ کی مدت مقرر کی ہے۔ بیرپور ایئرپورٹ کی اس تعمیر و ترقی سے نہ صرف سپول بلکہ اس کے قریبی اضلاع جیسے مدھوبنی، مدھے پورہ، سہرسہ اور ارریہ سمیت دیگر سرحدی علاقوں میں فضائی سروس کی توسیع ہوگی جس سے مقامی لوگوں کو طویل مسافت کے سفر میں بے حد آسانی ہوگی۔ سمراٹ چودھری نے مزید کہا کہ بہتر فضائی رابطے سے بہار میں سیاحت کو فروغ ملے گا اور تجارت کے نئے مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر اقتصادی سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی۔ انہوں نے اس موقع پر این ڈی اے حکومت کی دیگر کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں فضائی بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کا عمل ہر سطح پر جاری ہے اور اسی سلسلے میں مظفر پور ایئرپورٹ کے رن وے کی تعمیر کے لیے حال ہی میں 43 کروڑ 13 لاکھ روپے کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے والمیکی نگر ایئرپورٹ کی ترقی کے لیے بھی 38.64 کروڑ روپے مختص کیے ہیں اور حکومت سہرسہ ایئرپورٹ کی تعمیر کے لیے بھی سنجیدگی سے کام کر رہی ہے جہاں جلد ہی تعمیراتی عمل شروع کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی مسلسل محنت سے بہار بہت جلد ایک بہترین فضائی نیٹ ورک سے لیس ہو جائے گا کیونکہ ریاستی حکومت تمام زیر تعمیر منصوبوں کی معیار اور وقت پر تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ان کی باریک بینی سے نگرانی کر رہی ہے۔ ان تمام کوششوں کا واحد مقصد بہار کے ہر کونے کو ترقی کے قومی دھارے سے جوڑنا اور عوام کو عالمی سطح کی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ ریاست کا ہر شہری اس ترقی سے فائدہ اٹھا سکے۔
