— پیر کو پٹنہ ہائی کورٹ میں سماعت،جن سوراج نے سی بی آئی سے کیاجانچ کا مطالبہ
جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ: جن سوراج کے رہنما اور بہار کے سینئروکیل وائی وی گری نے آج اپنی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے بتایا کہ بہار حکومت کی جانب سے 70 ہزار کروڑ روپے کے استعمال کی تفصیلات (یوٹیلیٹی سرٹیفکیٹ) جمع نہ کرنے کے معاملے میں پیر کو پٹنہ ہائی کورٹ میں سماعت ہوگی۔ جن سوراج کے رہنما کشور کمار نے اس معاملے میں مفادِ عامہ کی عرضی دائر کی تھی، جس پر چیف جسٹس کی بنچ سماعت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے یا ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔وائی وی گری نے بتایا کہ ملک کے آئینی ادارے CAG نے بہار میں سال 2016-17 سے 2022-23 کے درمیان تقریباً 70 ہزار کروڑ روپے کی سرکاری رقم کے ممکنہ غبن کی رپورٹ حکومت کو دی ہے، مگر اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لالو یادو کے دور میں صرف 900 کروڑ روپے کا حساب نہیں ملا تھا، تب کئی آئی اے ایس افسران، وزراء اور خود وزیر اعلیٰ تک کو سزا ہوئی تھی۔ اس بار تو یہ رقم 70 ہزار کروڑ روپے کی ہے۔ جن محکموں کا حساب نہیں ملا ان میں پنچایتی راج محکمہ کے 28 ہزار کروڑ، تعلیم محکمہ کے 12 ہزار کروڑ، شہری ترقی محکمہ کے 11 ہزار کروڑ اور دیہی ترقی محکمہ کے 7 ہزار کروڑ روپے شامل ہیں۔ یہ عوام کا پیسہ ہے اور ہم اسے چھوڑیں گے نہیں۔
