واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی کی تشکیل:متو فیو ں کو کل 6 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا گرانٹ فراہم کی جائے گی
جدید بھارت نیوز سروس
نالندہ 31 مارچ :بہار کے نالندہ میں ایک سانحہ پیش آیا۔ شیتلا ماتا مندر میں منگل کی صبح بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں نو لوگوں کی موت ہو گئی۔ منگل کے روز بڑی تعداد میں عقیدت مند مندر جاتے ہیں، اور چونکہ یہ چیترا کے مہینے کا آخری منگل تھا، اس لیے بھیڑ بہت زیادہ تھی۔ انتظامیہ نے بھیڑ کو سنبھالنے کے لیے کوئی خاص انتظام نہیں کیا تھا۔ بھگدڑ کے بعد، عقیدت مندوں نے الزام لگایا کہ لوگ درشن کے لیے کافی دیر سے قطار میں کھڑے تھے۔ مندر کی انتظامیہ کی جانب سے بھیڑ کو سنبھالنے والوں نے داخلے کے لیے پیسے لینا شروع کر دیے۔ اس سے جھگڑا اور ہاتھا پائی ہوئی، جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی جس میں آٹھ افراد کی جانیں گئیں۔شیتلا مندر کے میلے میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں نو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ بہار شریف کے مگھرا علاقے میں واقع ماتا شیتلا اشٹمی مندر میں صبح 9 اور 10 بجے کے قریب بھگدڑ مچ گئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ماڈل ہسپتال بہار شریف منتقل کیا گیا جہاں وہ اس وقت زیر علاج ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق، صبح سے ہی مندر کے احاطے میں ایک بڑا ہجوم جمع ہو گیا تھا، کیونکہ یہ ماہِ چتر کا آخری منگل تھا۔ اچانک، خوف و ہراس پھیل گیا، اور تیزی سے بھگدڑ مچ گئی۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کام شروع کر دیا۔ حکام نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ اور خوف کی فضا چھا گئی۔
راجگیر، 31 مارچ (یو این آئی) بہار میں ضلع نالندہ کے دیپ نگر تھانہ علاقے میں واقع شیتلاشٹمی مندر میں منگل کے روز بھگدڑ میں آٹھ افراد کی موت ہو گئی اور آٹھ عقیدت مند زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ عقیدت مند آج صبح مڈھا گاؤں کے شیتلاشٹمی مندر میں پوجا کرنے گئے تھے۔ زیادہ ہجوم کے باعث بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور آٹھ عقیدت مند زخمی ہو گئے۔نالندہ کے ضلع مجسٹریٹ کندن کمار نے بتایا کہ سات مہلوکین کی شناخت کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حادثے میں آٹھ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرنے والوں کے لواحقین کو 6 لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔پولیس سپرنٹنڈنٹ بھرت سونی نے بتایا کہ واقعہ کے بعد تمام پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ پر موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور پٹنہ سے فارنسک سائنس لیبارٹری (ایف اے ایس ایل) کی ایک ٹیم کو بلایا گیا ہے۔واقعہ کی سنگین نوعیت کو دیکھتے ہوئے دیپ نگر تھانہ کے انچارج کو فوری طور سے معطل کر دیا گیا ہے۔بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے شیتلا دیوی مندر میں بھگدڑ میں عقیدت مندوں کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور انتہائی اندوہناک ہے۔انہوں نے ہدایت دی کہ مرنے والوں کے لواحقین کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ فنڈ سے 4 لاکھ اور روپے اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے (کل 6 لاکھ روپے) کی ایکس گریشیا گرانٹ فراہم کی جائے گی۔واقعہ کے بعد مسٹر نتیش کمار کی ہدایت پر سینئرعہدیدار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور راحت رسانی کے کاموں میں مصروف ہیں۔وزیر اعلیٰ نتپش کمار نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہ ان کے لیے مناسب طبی علاج کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔
