پٹنہ، 14 نومبر (یو این آئی) بہار کی اس بار کی اسمبلی انتخابات میں 29 خواتین نے کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔اس انتخاب میں کل 2616 امیدوار میدان میں تھے، جن میں صرف 258 خواتین شامل تھیں۔ ان میں سے صرف 29 خواتین کامیاب ہوئیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جنتا دل (یونائیٹڈ) جے ڈی یو کی دس، دس خواتین نے جیت حاصل کی۔ وہیں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کی تین، تین خواتین امیدواروں نے بھی کامیابی حاصل کی۔ ہندستانی عوام مورچہ (ہم) کی دو اور راشٹریہ لوک مورچہ کی ایک خاتون امیدوار نے جیت درج کی۔خواتین کے ہمدرد ہونے کا دعویٰ کرنے والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے اس بار کے انتخابات میں 34 خواتین کو ٹکٹ دیا تھا۔ این ڈی اے میں شامل بی جے پی اور جے ڈی یو نے 13-13، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) نے پانچ، ہم نے دو اور آر ایل ایم نے ایک خاتون کو ٹکٹ دیا تھا۔بی جے پی کی فاتح خواتین امیدواروں میں جموئی سے شریاسی سنگھ، علی نگر سے میتھلی ٹھاکر، بیتیا سے سابق نائب وزیراعلیٰ رینو دیوی، پریہار سے گایتری دیوی، نرپت گنج سے دیونتی یادو، پرانپور سے نِشا سنگھ، کوڑھا سے کویتا دیوی، اورائی سے رما نِشاد، چھپرا سے چھوٹی کماری، موہنیا سے سنگیتا کماری شامل ہیں۔وہیں جے ڈی یو کی جیتنے والی خواتین امیدواروں میں گائے گھاٹ سے کومل سنگھ، سمستی پور سے اشومیدھ دیوی، کیسرِیا سے شالِنی مشرا، شیوہر سے شویتا گپتا، بابو برہی سے مینا کامت، پھلپراس سے شِیلا منڈل، تروینی گنج سے سونم رانی سردار، دھمداہا سے لیسی سنگھ، بیلگنج سے منورما دیوی، نوادہ سے ویبھا دیوی شامل ہیں۔اسی طرح ایل جے پی (رام ولاس) سے تین منتخب خواتین میں بلرام پور سے سنگیتا دیوی، گووندپور سے ونیتا مہتا، بوچہا سے بی بی کماری شامل ہیں۔ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) سے دو خواتین امام گنج سے جیتن رام مانجھی کی بہو دیپا کماری، بارا چَٹی سے ان کی سمدھن جیوتی دیوی نے کامیابی حاصل کی۔وہیں، اوپیندر کشواہا کی پارٹی راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) کے ٹکٹ پر ساسارام سے مسٹر کشواہا کی اہلیہ اسنیہ لتا نے کامیابی حاصل کی۔مہاگٹھ بندھن کی جانب سے 31 خواتین نے قسمت آزمائی کی تھی۔اس میں آر جے ڈی نے 23، کانگریس نے پانچ، سی پی آئی (ایم ایل) نے ایک، وی آئی پی اور آئی آئی پی نے ایک، ایک خواتین کو امیدوار بنایا تھا۔ سی پی آئی اور سی پی ایم نے کسی بھی خاتون کو ٹکٹ نہیں دیا۔آر جے ڈی کی صرف تین خواتین امیدوار کامیاب رہیں۔
ان میں پرسا سے کرشمہ رائے، ورسلی گنج سے انیتا دیوی، چکائی سے ساوتری دیوی شامل ہیں۔کانگریس، وی آئی پی، سی پی آئی (ایم ایل) اور آئی آئی پی کی کوئی بھی خاتون امیدوار جیتنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔قابل ذکر ہے کہ سال 2020 کے انتخابات میں 370 خواتین نے حصہ لیا تھا، جن میں سے 26 خواتین اسمبلی تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔ ان میں بی جے پی کی سب سے زیادہ نو خواتین منتخب ہوئی تھیں۔ جے ڈی یو کی چھ، آر جے ڈی کی سات، کانگریس کی دو، ہم اور وی آئی پی کی ایک ایک امیدوار نے کامیابی حاصل کی تھی۔
