National

بھگونت مان اور سنجے سنگھ آج تہاڑ جیل میں وزیر اعلیٰ کیجریوال سے ملاقات نہیں کر پائیں گے: عآپ

108views

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کا کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور عآپ کے راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ بدھ کو تہاڑ جیل میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے ملاقات نہیں کر پائیں گے۔

عآپ نے کہا، ’’تہاڑ جیل نے سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیا ہے۔ کل (منگل کو) بھگونت مان اور سنجے سنگھ کا کیجریوال سے ملاقات کا وقت طے ہوا تھا۔ اب ملاقات کے لیے تہاڑ جیل نئے وقت کے بارے میں معلومات دے گی۔

جیل کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال سے ملاقات کا خط موصول ہوا تھا۔ آج تہاڑ کے ڈی آئی جی خط کا جواب دیں گے۔ ڈی آئی جی کے جواب سے سیکورٹی کے بارے میں معلومات ملے گی اور ملاقات کی کچھ تاریخیں تجویز کی جائیں گی۔ اس کے بعد ان تاریخوں پر اگر سنجے سنگھ اور وزیر اعلیٰ بھگونت مان چاہیں تو وزیر اعلیٰ کیجریوال سے ملاقات کر سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال کو مبینہ ایکسائز پالیسی گھوٹالہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 21 مارچ کو گرفتار کر لیا تھا۔ کیجریوال فی الحال دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی گرفتاری کو دہلی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا، تاہم وہاں سے انہیں راحت نہیں دی گئی اور اب وہ ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر رہے ہیں۔ کیجریوال کی گرفتاری کے بعد سے عام آدمی پارٹی لگاتار بی جے پی اور مرکزی حکومت پر حملے کر رہی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ مبینہ گھوٹالہ کے نام عام آدمی پارٹی کو ختم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے اور اس کے مزید لیڈران کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.