National

جھارکھنڈ میں 13 اور 20 نومبر کو اسمبلی انتخابات ہوں گے

34views

مہاراشٹر میں 20 نومبرکو: ناندیڑ پارلیمانی سیٹ اور ایک اور اسمبلی سیٹ کیلئے 20 نومبر کو ضمنی انتخابات

پندرہ ریاستوں کی 47 اسمبلی سیٹوں اور کیرالہ کی وایناڈ پارلیمانی سیٹ پر 13 نومبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے

نئی دہلی، 15 اکتوبر ( یو این آئی ) مہاراشٹر میں ایک ہی مرحلے میں 20 نومبر کو اسمبلی انتخابات اور جھارکھنڈ میں دو مرحلوں میں 13 اور 20 نومبر کو اسمبلی انتخابات ہوں گے، جبکہ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔پندرہ ریاستوں کی 47 اسمبلی سیٹوں اور کیرالہ کی وایناڈ پارلیمانی سیٹ پر 13 نومبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔ ناندیڑ پارلیمانی سیٹ اور مہاراشٹر کی ایک اور اسمبلی سیٹ کے لیے 20 نومبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس میں اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے رائے دہندوں بالخصوص شہری ووٹروں سے پرزور اپیل کی کہ وہ جمہوریت کے جشن میں جوش و خروش سے حصہ لیں۔ ان کے ساتھ الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور سکھبیر سنگھ سندھو بھی موجود تھے۔ اس کے ساتھ ہی ان دونوں ریاستوں میں ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ نافذ ہو گیا ہے۔مسٹر کمار نے کہا کہ مہاراشٹر اسمبلی کی 288 نشستوں کے لیے انتخابی نوٹیفکیشن 22 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا اور 29 اکتوبر تک نامزدگی داخل کیے جا سکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 اکتوبر کو ہوگی اور 4 نومبر تک نام واپس لیے جاسکتے ہیں۔ ریاست میں20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔جھارکھنڈ اسمبلی کی 81 میں سے 43 سیٹوں کے لیے پہلے مرحلے کے انتخابات کا نوٹیفکیشن 18 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا اور کاغذات نامزدگی 25 اکتوبر تک داخل کیے جا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 اکتوبر کو ہو گی جبکہ 30 اکتوبر تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔ انتخابات 13 نومبر کو ہوں گے۔ ریاست میں انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 38 سیٹوں کے لیے 22 اکتوبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور کاغذات نامزدگی 29 اکتوبر تک داخل کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 30 اکتوبر کو ہو گی جبکہ 4 نومبر تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔ اس مرحلے میں 20 نومبر کو ووٹنگ ہوگی۔ دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔مسٹر کمار نے کہا کہ ان اسمبلی انتخابات کے ساتھ 15 ریاستوں کی 48 اسمبلی سیٹوں اور دو ریاستوں میں دو لوک سبھا سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات بھی کرائے جائیں گے۔ جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے ساتھ 13 نومبر کو کیرالہ کی وایناڈ پارلیمانی سیٹ اور 47 اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات ہوں گے۔

اس کے علاوہ ناندیڑ پارلیمانی سیٹ اور مہاراشٹر کی ایک اور اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخابات 20 نومبر کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے ساتھ ہوں گے اور 23 نومبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.