Jharkhand

مغربی بنگال: بیربھوم ضلع کے کوئلہ کان میں دھماکہ

44views

7 مزدوروں کی موت، متعدد زخمی

کولکاتہ، 7 اکتوبر:۔ (ایجنسی) مغربی بنگال کے بیربھوم ضلع سے ایک دل دہلانے والی خبر سامنے آ رہی ہے۔ آج صبح کھوئراشول کے ودولیا میں گنگا رام چک کوئلہ کان میں دھماکہ کی وجہ سے کم از کم 7 مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ دھماکہ کے بعد ریسکیو کے وقت صرف 5 لوگوں کی موت کا اندازہ تھا، پھر کچھ وقفہ کے بعد 2 مزید مزدوروں کی لاشیں کان سے نکالی گئیں۔ علاوہ ازیں کان کے اندر مزید لوگوں کے پھنسے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے اور راحت رسانی کی کارروائی بھی ہو رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس حادثے میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین نے اس بات کی جانکاری دی کہ پیر کی صبح کان سے کوئلہ نکالنے کے لئے دھماکہ کیا گیا۔ لیکن دھماکہ کرنے والے اس بات سے بالکل بے خبر تھے کے اندر کچھ مزدور پہلے سے ہی کام کر رہے ہیں۔ اس لاپرواہی کی و جہ سے 7 معصوموں کو اپنی جان گنوانی پڑی۔ کچھ لوگوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حادثے کے بعد اعلیٰ افسران جائے وقوع سے بھاگ کھڑے ہوئے۔ علاقے میں کشیدگی پیدا ہو گئی ہے جس کے بعد کثیر تعداد میں پولیس اہلکار وہاں تعینات کر دیئے گئے  ہیں۔ سبھی زخمی مزدوروں کو بغرض علاج ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ ریسکیو آپریشن بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم سبھی کو بحفاظت باہر نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایمبولنس کے ساتھ ساتھ پولیس کی گاڑیوں میں بھی زخمیوں کو ہسپتال لے جایا جا رہا ہے۔
Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.