انڈیا اتحاد: ’سیٹوں کی تقسیم پر جاری بات چیت سے سبھی پارٹیاں مطمئن‘، میٹنگ کے بعد ملکارجن کھڑگے کا اظہارِ خیال

آئندہ لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر انڈیا اتحاد کی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ خاص طور سے سبھی پارٹیوں کے لیڈران سیٹوں کی تقسیم کو لے کر تبادلہ خیال زور و شور سے کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہو رہی پیش رفت سے سبھی پارٹیوں کے لیڈران بھی خوش ہیں۔ اس بات کی تصدیق کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے آج انڈیا اتحاد کی ہوئی میٹنگ کے بعد ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کی۔
Leaders of INDIA Coordination Commitee today met online and had a fruitful discussion on the alliance.
Everyone is happy that the seat sharing talks are progressing in a positive way.
We also discussed about joint programs in the coming days by INDIA Parties.
I, along with…
— Mallikarjun Kharge (@kharge) January 13, 2024
دراصل ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں کہا ہے کہ انڈیا اتحاد میں شامل پارٹیوں کے لیڈران کی کوآرڈنیشن کمیٹی نے ہفتہ کے روز ورچوئل میٹنگ کی۔ اس میں کئی معاملوں پر مثبت اور سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’سیٹ شیئرنگ کے معاملے پر اتحاد کے لیڈران بات چیت کے ذریعہ مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہر کوئی اس معاملے پر کافی خوش بھی نظر آ رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ورچوئل میٹنگ میں اس تعلق سے بھی گفتگو ہوئی کہ انڈیا اتحاد میں شامل سیاسی پارٹیوں کی طرف سے مشترکہ پروگرام کیے جائیں۔
ملکارجن کھڑگے نے اپنے پوسٹ میں ’بھارت نیائے جوڑو یاترا‘ کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے راہل گاندھی کے ساتھ انڈیا اتحاد کے سبھی لیڈروں کو ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ میں شامل ہونے کی گزارش کی ہے اور دعوت نامہ بھی دیا ہے۔ ان سے عام لوگوں کو پریشان کرنے والے سماجی، سیاسی و معاشی ایشوز کو اٹھانے کے لیے اس نیائے یاترا سے جڑنے کے لیے مدعو کیا ہے۔‘‘
