National

اکھلیش یادو نے کیا این ڈی اے حکومت پر طنز، کہا- ’اوپر سے جڑا کوئی تار نہیں، نیچے سے کوئی آدھار نہیں‘

103views

بی جے پی کے زیرقیادت قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کی آج ہونے والی حلف برداری کی بھرپور تیاریوں کے درمیان سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اس پر سخت طنز کیا ہے۔ انہوں نے اس حکومت کو ایسی حکومت قرار دیا ہے جس کی کوئی بنیاد نہیں ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے لکھا ہے کہ ’اوپر سے جڑا کوئی تار نہیں، نیچے سے کوئی آدھارنہیں۔ اَدھر میں جو ہے اٹکی ہوئی وہ تو کوئی سرکار نہیں‘۔

واضح رہے کہ نریندر مودی آج شام راشٹرپتی بھون میں مخلوط حکومت کے سربراہ کے طور پر وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔ پچھلی دو میعادوں میں بی جے پی نے مکمل اکثریت حاصل کرکے حکومت بنائی تھی لیکن اس بار اسے مکمل اکثریت نہیں ملی۔ ایسے میں حکومت کی تشکیل میں تیلگو دیشم پارٹی اور جنتا دل یونائیٹڈ کا رول فیصلہ کن ہو گیا ہے۔

سماجوادی پارٹی نے ’انڈیا الائنس‘ کے ساتھ مل کر الیکشن لڑا اور اتر پردیش میں سب سے زیادہ 37 سیٹیں جیت کر اب تک کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اترپردیش میں سماجوادی پارٹی کی مقبولیت کا اندازہ اس سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جس ایودھیا کے گرد اس کی پوری سیاست گھوم رہی ہے وہاں پر سماجوادی پارٹی کے امیدوار نے بی جے پی کے امیدوار کو شکست دیتے ہوئے بھرپور اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.