National

شعبۂ اردو،سی سی ایس یو میں معروف ادبی شخصیات فاروق ارگلی اور اے رحمن کا شاندار استقبالیہ پروگرام

22views

میرٹھ13؍نومبر2024: ادب زندگی کا ترجمان ہو تا ہے۔ میری آپ سبھی طالب علموں سے گزارش ہے کہ خوب محنت اور لگن سے اپنے نصاب کے ساتھ ساتھ قدرے خارجی مطالعے کا بھی شوق پیدا کریں اور خوب فکشن کا مطالعہ کریں جتنا مطالعہ وسیع ہوگا اتنی ہی آپ کے اندر تحریری صلاحیت پیدا ہوگی۔ میں گذشتہ ساٹھ برسوں سے لکھ رہاہوں۔ہمارے دور میں آج جیسی مواصلاتی تفریحی مشغولیات نہ تھیں۔اس لیے ہم خوب ناول پڑھا کرتے تھے۔ مطالعے کے شوق سے ہی ہماری تربیت ہوئی اور لکھنے کا جذبہ پیدا ہوا۔یہ الفاظ تھے معروف ادیب و ناقد ڈاکٹر فاروق ارگلی کے جو شعبۂ اردو میں منعقد استقبالیہ پروگرام میں اپنی تقریر کے دوران ادا کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر شعبہ اردو پروفیسر اسلم جمشید پوری اور شعبے کے دیگر اراکین اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کر کے دلی مسرت حاصل ہوئی۔ شعبۂ اردو کی لائبریری ،تعلیمی سہولت و اہتمام قابل توصیف ہے۔اس سے قبل پروگرام کا آغاز بی اے آنرز کے طالب علم محمد ندیم نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔صدارت کے فرائض معروف ادیب و ناقد پروفیسر اسلم جمشید پوری نے انجام دیے۔ تعارفی کلمات ڈاکٹر ارشاد سیانوی،استقبالیہ کلمات ڈاکٹر آصف علی، نظامت ڈاکٹر شاداب علیم اور شکریے کی رسم ڈاکٹر الکا وششٹھ نے ادا کی۔ اس مو قع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پروفیسر اسلم جمشید پوری نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے۔ آج ہمارے شعبے میں اردو کی دو عظیم ہستیاں ڈاکٹر فاروق ارگلی جو تقریباً تین سو سے زائد کتابوں کے مصنف ہیں ۔ مختلف اور اہم موضوعات پر آپ کی یہ کتابیں نہ صرف طالب علموں کی رہنمائی کرتی ہیں بلکہ مطالعے کے شوقین حضرات بھی اس سے خوب فیض یاب ہورہے ہیں۔ دوسری عظیم شخصیت عبد الرحمن صاحب کی ہے جو عدالت عظمیٰ میں سینئر وکیل تو ہیں ہی ساتھ ہی اردو ادب کے لیے جو ان کی خدمات ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔میری شناسائی ان سے ایک زمانے سے ہے ۔ہمیشہ میں نے انہیں ایسے کام کرتے دیکھاجو دوسروں کے لیے ممکن نہ تھے۔اردو والوں میں اس طرح کا جوش و خروش کم دیکھنے کو ملتا ہے۔کرونا کے دور میں آپ نے ’’عالمی جائزہ‘‘ کا ’’عالمی وبا نمبر‘‘ نکال کرایک بڑا کام انجام دیا۔عالمی جائزہ کے مدیر عبد الرحمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شعبۂ اردو چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میں آکر ہمیشہ خوشی کا احساس ہو تا ہے جس کی وجہ نہ صرف یہاں کا خالص ادبی و علمی ماحول اور فضا ہے بلکہ صدر شعبہ پروفیسر اسلم جمشید پوری کی دوستانہ شفقت اور مہمان نوازی بھی ہے۔ہر مرتبہ نئے مو ضو عات پر گفتگو اور نئی کتب کا تعارف و تحفہ تو ایسی نعمتیں ہیں جن کا لالچ کسی نہ کسی بہانے سے یہاں آنے کا سبب ہوتاہے۔ یہاں کی ادبی سر گرمیاں دلّی کے احباب کے درمیان ایک مستقل موضوع گفتگو ہے۔ہم نے حال ہی میں صادقین نمبر نکالاہے اور جلد ہی ابن صفی پر ایک بڑا کام منظر عام پر آئے گا۔اس مو قع پرکثیر تعداد میں طلبہ و طالبات موجود رہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.