International

دو ریاستی حل خطے میں دیرپا امن کا واحد راستہ ہے:جو بائیڈن

339views

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ دو ریاستی حل ہی فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے طویل مدتی سلامتی کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں بائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکا دو ریاستی حل کے حصول کے لیے کوششیں ترک نہیں کرے گا۔ امریکا چاہتا ہے کہ اسرائیل اور فلسطینی دونوں یکساں آزادی اور وقار سے لطف اندوز ہوں۔‘

اس سے قبل بائیڈن نے پیر کے روز کہا تھا کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی ساحلی پٹی میں مصیبت زدہ شہریوں کے لیے بڑی مقدار میں اضافی انسانی امداد بھیجنے کی اجازت دیتی ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ “ہم غزہ کو منتقل کی جانے والی انسانی امداد کی مقدار بڑھانے کے لیے لڑائی کے خاتمے کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ ہم ایک ایسے مستقبل کی تعمیر کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے جس میں فلسطینی عوام امن اور وقار سے لطف اندوز ہوں”۔

اس سے قبل پیر کو وائٹ ہاؤس نے غزہ کی پٹی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع کا خیر مقدم کیا تھا۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ واشنگٹن یقینی طور پر جنگ بندی میں مزید توسیع کی امید رکھتا ہے اور اس کا تعلق حماس کی جانب سے مزید یرغمالیوں کی رہائی سے ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن جنگ بندی اور اس کی توسیع پر مذاکرات میں “بہت زیادہ مصروف ” تھے اور انہیں پیر کی صبح تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان گذشتہ جمعہ کے روز چار روزہ عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔ کل سوموار کو جنگ بندی میں مزید دو دن کی توسیع کی گئی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.