National

جھارکھنڈ میں دردناک حادثہ، آگ کی افواہ سن کر ٹرین سے کود پڑے کئی مسافر، دوسری ٹرین کی زد میں آ کر 4 افراد ہلاک

142views

جھارکھنڈ کے لاتیہار میں سہسرام-رانچی انٹرسٹی ایکسپریس میں آگ لگنے کی افواہ نے کچھ مسافروں کی آج جان لے لی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے خبر سن کر کئی مسافر ٹرین سے کود گئے جن میں سے کچھ دوسری طرف سے آ رہی ٹرین کی زد میں آ گئے۔ اس حادثہ میں 4 لوگوں کی موت ہو گئی ہے اور کچھ دیگر زخمی بھی ہوئے ہیں۔

موصولہ اطلاع کے مطابق سہسرام-رانچی انٹرسٹی ایکسپریس جیسے ہی کمنڈیہہ اسٹیشن کے پاس پہنچی تو ٹرین میں سوار کسی مسافر نے انجن میں آگ لگنے کی افواہ پھیلا دی۔ اس کے بعد مسافروں میں افرا تفری پھیل گئی۔ کئی لوگ خوف کے مارے ٹرین سے اتر کر بھاگنے لگے۔ اسی دوران کچھ لوگ برعکس سمت سے آ رہی مال گاڑی کی زد میں آ گئے۔ اس حادثہ سے متعلق ریلوے کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ ریلوے کا کہنا ہے کہ ’’دھنباد ڈویژن کے کمنڈیہہ اسٹیشن پر سہسرام انٹرسٹی ایکسپریس (18635) میں آگ لگنے کی افواہ پھیلی۔ اس کے بعد افرا تفری مچ گئی۔ اسی درمیان کچھ مسافر دوسری طرف سے آ رہی مال گاڑی کی زد میں آ گئے۔ اس میں تین لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘‘ حالانکہ اب مہلوکین کی تعداد 4 بتائی جا رہی ہے۔

اس حادثہ کی خبر جیسے ہی انتظامیہ کو ملی، اعلیٰ افسران فوراً جائے حادثہ پر پہنچے اور راحت رسانی و بچاؤ کاری کے عمل میں مصروف ہو گئے۔ زخمیوں کو فوراً قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس حادثہ کے بعد اسٹیشن پر موجود مسافروں میں چیخ پکار مچ گئی۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.