پٹنہ : پیر کو ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے نتیش کابینہ نے آج سے محکمہ کھیل کی الگ وزارت بنا دی ہے۔ اس سے پہلے یہ وزارت کھیل، فن، ثقافت اور یوتھ ڈیپارٹمنٹ کا حصہ تھا۔ بہار اور جھارکھنڈ کی تقسیم کے بعد بہار میں پہلی بار کھیلوں کا محکمہ بنایا گیا ہے۔ نتیش کابینہ نے یہ فیصلہ ریاست میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے کیا ہے۔ وزیراعلی نتیش کمار نے گزشتہ ہفتہ کو اس کا اعلان کیا تھا۔ اب کابینہ اجلاس سے اس اعلان پر عمل درآمد ہو گیا ہے۔
اس سے پہلے نتیش حکومت نے ‘میڈل لاو، نوکری پاو’ کے تحت کھلاڑیوں کو تقرری لیٹر دئے تھے۔ یہ پروگرام وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے اندر بنے ہال “نیک سمواد” میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس پروگرام میں تیجسوی یادو کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا تھا۔ آر جے ڈی کوٹے سے وزیر جتیندر کمار رائے محکمہ کے وزیر ہونے کے ناطے پروگرام میں مدعو کئے گئے تھے۔
نتیش حکومت نے آنگن واڑی ورکروں اور معاونین کے اعزازیہ میں بھی اضافہ کرکے نئے سال کا بڑا تحفہ دیا ہے۔ اس فیصلے کا فائدہ بہار کی تقریباً 2.5 لاکھ آنگن واڑی ورکروں اور معاونین کو ملے گا۔ اس کی منظوری نتیش کابینہ کی خصوصی میٹنگ میں دی گئی۔ اب آنگن واڑی ورکر کو 7 ہزار روپے اور معاون کو 4 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ ملے گا۔
لوک سبھا انتخابات سے پہلے حکومت نے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پنچایتی راج اداروں کے عوامی نمائندوں کے اعزازیہ میں اضافہ کردیا ہے۔ مکھیا کا اعزازیہ دگنا کرکے 5000 روپے کردیا گیا ہے۔ وہیں نائب مکھیا کو ڈھائی ہزار روپے ملیں گے۔
وارڈ ممبر کا اعزازیہ بڑھا کر 800 روپے، سرپنچ کا 5000 روپے، نائب سرپنچ کا 2500 روپے اور پنچ کا 800 روپے کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے 2 لاکھ سے زائد عوامی نمائندوں کو فائدہ ملے گا ۔