جامعہ ہمدرد میں پروفیسر اقبال ایس حسنین کی کتاب ’’فالت لائنز ان دی فیتھ: ہاو ایونٹس آف 1979 شیپڈ دی اسلامک ورلڈ” پر ایک مباحثہ کا انعقاد
جدید بھارت نیوز سروس
نئی دہلی، 22 اکتوبر: جامعہ ہمدرد میں 21 اکتوبر 2024 کو اسکول آف کیمیکل اینڈ لائف سائنسز (SCLS) کے کانفرنس ہال میں معروف اسکالر و پدم شری پروفیسر اقبال ایس حسنین کی کتاب ’’فالت لائنز ان دی فیتھ: ہاو ایونٹس آف 1979 شیپڈ دی اسلامک ورلڈ‘‘ پر ایک فکری مباحثہ کاانعقاد ہوا۔ تقریب کا آغاز رابعہ مسجد کے امام اے. ایم. فاروقی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اورپروفیسر سید النسا، ہمدرد انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کی ڈائریکٹر نے استقبالیہ کلمات سے مہمانان گرامی، معزز اساتذہ کرام اور طلباء کا خیرمقدم کیا۔ اس کے بعد پروفیسر اقبال ایس حسنین نے اپنی اس کتاب کا جامع تعارف پیش کیا اور اس کے مرکزی موضوعات اور علمی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ تاریخ کے سابق پروفیسر ایس. ایم. عزیز الدین حسین نے کلیدی خطاب پیش کیا اور کتاب میں زیربحث موضوعات پر تاریخی تناظر میں بحث کیا۔ نشست کی صدارت جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر پروفیسر (ڈاکٹر) ایم. افشار عالم نے کی، جنہوں نے مذاہب اور معاشرے کے موجودہ چیلنجز پر علمی مباحثوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ جامعہ ہمدرد کےاسکول آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے ڈین پروفیسر (ڈاکٹر) اجے کمار سنگھ نے کتاب کا تعارف پیش کیا اور اس کی تعلیمی حلقے میں اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں کے ڈینز، صدور اور ہمدرد انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے طلباء نے بھرپور شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر ہمدرد انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کے اسسٹنٹ پروفیسر، ڈاکٹر آصف نواز نے شکریہ کےکلمات ادا کیے اور تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت شوم بہوگنا، اسسٹنٹ پروفیسر، ہمدرد انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل اسٹڈیز نے عمدہ طریقے سے انجام دی۔ کتاب پر ہونے والایہ مباحثہ جامعہ ہمدرد کی اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہمیں علمی مکالمے کو فروغ دیکر ان اہم موضوعات پر غور و فکر کرنا چاہئے جو ہمارے درمیان مذہبی اور معاشرتی شعور کو تشکیل دیتے ہیں۔