National

یوپی: بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی اور ان کے بیٹے سمیت 7 افراد کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج

51views

اتر پردیش میں بی جے پی کے سابق ایم ایل اے سریندر سنگھ اور ان کے بیٹے سمیت 7 افراد کے خلاف قتل کی کوشش اور دیگر کئی سنگین الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، ڈوکاٹی تھانہ علاقے کے کرن چھپرا گاؤں کے سنتوش کمار سنگھ کی شکایت پر ضلع کی بیریا سیٹ سے بی جے پی کے سابق ایم ایل اے سریندر سنگھ اور ان کے بیٹے ودیا بھوشن سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

سابق ایم ایل اے اور ان کے بیٹے کے علاوہ ابھے سنگھ، مہندر پرتاپ سنگھ، رتیش سنگھ، پربھنجن پرتاپ سنگھ اور دھننجے سنگھ کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 308 (قتل کی کوشش)، 147 (فساد)، 323 (ارادتاً چوٹ پہنچانا) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت بدھ کی رات کو کیس درج کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق کیس درج کرانے والے سنتوش کمار سنگھ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ سابق ایم ایل اے سریندر سنگھ کے بیٹے ودیا بھوشن سنگھ نے تین دن پہلے انہیں دھمکی دی تھی۔ تحریر کے مطابق ودیا بھوشن سنگھ نے کہا تھا کہ ان کے بیٹے رتوراج سنگھ سے کہو کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں سریندر سنگھ کے ساتھ مل کر بی جے پی کے حق میں مہم چلائیں، ورنہ سنگین نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔

الزام ہے کہ اسی معاملے کو لے کر بدھ 29 مئی کو صبح 10 بجے نیشنل ہائی وے نمبر 31 پر ایک پٹرول پمپ کے قریب سابق ایم ایل اے سریندر سنگھ اور ان کے ساتھیوں نے رتوراج سنگھ اور دیویش کمار سنگھ پر لوہے کی سلاخوں، ہاکی اسٹکس اور لاٹھی سے حملہ کیا۔

اس واقعہ میں دونوں نوجوان شدید زخمی ہوئے ہیں جنہیں ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن انچارج دھرم ویر سنگھ نے جمعرات کو بتایا کہ معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔

Follow us on Google News
Jadeed Bharat
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.